بھارتی ائیرلائن کے طیارے کی کراچی ایرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
شائع شدہ تاریخ 13 مارچ, 2023
ذرائع کے مطابق بھارت کی نجی ائیرلائن کی فلائٹ نئی دہلی سے قطر کے دارالحکومت دوحا جا رہی تھی۔ دوران پرواز مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کپتان نے کراچی ائیرٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
میڈیکل ایمرجنسی کے پیش نظر بھارتی ائیرلائن کے طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی۔ لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کا معائنہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر عبداللہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کرچکا تھا۔ عبداللہ کی عمر 60 سال تھی اور ان کا تعلق نائیجیریا سے ہے۔ سی اے اے اور وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ بھارتی طیارہ میت کے ساتھ صبح 4 بج کر 6 منٹ پر دوحا روانہ ہوگیا۔