بچوں سےزیادتی کے ملزموں کو سرعام پھانسی پر اتفاق ناگزیر ہے : فیصل جاوید
شائع شدہ تاریخ 03 اگست, 2021
اسلام آباد : سینیٹر فیصل جاوید نے بچوں اور خواتین سےزیادتی کرنے والے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی کرنے والوں کو سرِ عام پھانسی دینے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کرنے والے انسان نہیں ، وحشی درندے ہیں، ان درندوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔ فیصل جاوید کاکہنا ہے کہ قانون سازی کے ساتھ ساتھ عمل درآمد، استغاثہ اور سزائیں بہت ضروری ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، حکومت کی جانب سے جنسی جرائم کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کے کئی ایک قوانین بھی متعارف کروائے گئے، جن میں حال ہی میں ریپ کے ملزمان کو نامرد بنانے کا صدارتی آرڈینینس بھی شامل ہے۔ تاہم زیادتی کے مجرمان کو سزائیں دینے کیلئے سزاؤں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے کورنگی میں لاپتہ ہونے والی چھ سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ https://twitter.com/FaisalJavedKhan/status/1422402818359668758 ایک اور کیس میں راولپنڈی میں ایک بچہ اپنی ماں کے سامنے مارا گیا اور بعد ازاں ماں کو بھی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی ۔