بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا رشوت کے عوض تبدیلی کا انکشاف
شائع شدہ تاریخ 19 دسمبر, 2022
میرپورخاص میں بارہویں جماعت کےامتحانی نتائج رشوت لے کر تبدیل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ چیئرمین میر پور خاص بورڈ برکت علی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر غلام علی سمیت 4 افسران کو معطل کردیا۔ بورڈ کے 8 دیگر افسران و اہلکاروں کے بھی تبادلے کردیے گئے۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بارہویں جماعت کےنتائج رشوت لے کر بدلے گئے، والدین نے شکایت کی تھی کہ جو طلبہ پڑھتے نہیں تھے انہوں نے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹ برانچ کا ریکارڈ چیک کرنے پر بڑےپیمانے پر جعلسازی سامنےآئی۔