این اے 245 ضمنی انتخاب؛ تحریک انصاف نے میدان مارلیا
شائع شدہ تاریخ 22 اگست, 2022
کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ تمام 263 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمود مولوی 29 ہزار 266 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ایم کیوایم کے معید انور13 ہزار 119 ووٹ لیکردوسرے نمبر پر رہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق ٹی ایل پی کے احمد رضا 9 ہزار 339 ووٹ لیکر تیسرے جبکہ آزاد امیدوارفاروق ستار نے 3 ہزار 479 ووٹ حاصل کیے۔ مہاجرقومی موومنٹ کے محمد شاہد ایک ہزار 177 ووٹ لے سکے ۔ ٹرن آؤٹ صرف گیارہ اعشاریہ سات فیصد رہا۔ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ایک پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ کے وقت میں اضافہ این اے 245 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 143 میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد پولنگ روک دی گئی تھی تاہم بعد میں ووٹنگ دوبارہ شروع ہو گئی جبکہ پولنگ کے وقت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ کون کون مد مقابل این اے 245 میں ايم کيوايم، پی ٹی آئی، پی ایس پی، ٹی ایل پی اور فاروق ستار سميت 15 اميدوار میدان میں تھے۔ حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی ) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کیجانب سے ايم کيوايم کے حق ميں دستبردار ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر عامر لياقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ عوام نے ایم کیو ایم کی لوٹا سیاست دفن کردی،فواد چوہدری رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مختلف رکاوٹوں اور پروپیگنڈا مہم کے باوجود کراچی کے عوام نے عمران خان کو فتح کی سلامی دی اور متحدہ قومی موومنٹ کی لوٹا سیاست کو دفن کر کرکے رکھ دی۔ دوسری جانب چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پی ٹی آئی کو این اے245کاضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی۔