آپ کی محنت سے کامیابی آپ کا مقدر بنے گی
شائع شدہ تاریخ 07 اگست, 2021
وزیراعظم آفس کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو کے فائنل میں پہنچنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ہم دعاگو ہیں کہ ارشد ندیم میڈل لے کر پوڈیم پر آئیں۔ ٹوئٹ میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ قوم کی دُعاؤں اور آپ کی محنت سے کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔ https://twitter.com/PakPMO/status/1423934859257520129 اس حوالے سے ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تمام لوگ ارشد ندیم کے لیے دعا کریں، پاکستان اسپورٹس میں بہتری کے لیے ارشد ندیم کا میڈل لانا ضروری ہے۔ دوسری جانب ارشد ندیم کے گھر جشن کا سا سماں ہے۔ ان کے گھر دوست، رشتے دار اور محلے والے موجود ہیں اور قومی ایتھلیٹ کی کامیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ قومی ایتھلیٹ کے والد کا کہنا ہے کہ بڑی خواہش ہے کہ میرا بیٹا اولمپکس میں میڈل جیتے، ارشد نے بڑی محنت کی ہے، اللہ اسے کامیاب کرے۔ خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم آج شام 4 بجے ایکشن میں نظر آئیں گے جہاں میڈل کی دوڑ میں بھارتی حریف نیرج چوپڑا بھی شامل ہیں۔