آزادی مارچ؛ اپوزیشن کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی ہے، وزیر اعظم
شائع شدہ تاریخ 27 اکتوبر, 2019
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے عدالتی فیصلے کی روشنی میں آزادی مارچ کو ڈی چوک تک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان آزادی مارچ کے حوالے سے مذاکرات ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے پرویز خٹک نے وزیر اعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن عدالتی فیصلوں کی روشنی میں مارچ کو ڈی چوک تک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے اور عدالتی فیصلوں سے انحراف نہیں کرسکتے، ہم نے بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے۔