آئی ایم ایف کی اگلی قسط ملنے والی ہے پریشانی کی ضرورت نہیں: وزیر مملکت خزانہ
شائع شدہ تاریخ 29 مارچ, 2023
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بریفنگ دی۔
وزیر مملکت نے آئی ایم ایف پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے کئی مشکل فیصلے کیے، آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد حاصل کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔
عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان کو ایکسٹرنل فنانسنگ پر دوست ملکوں کے تعاون کی ضرورت ہے، دوست ملکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ان کے ساتھ معاملات میں بہت جلد پیشرفت ہوجائے گی، چین نے مشکل وقت میں بروقت ساتھ دیا ہے، ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب بھی بہت جلد آگے آئے گا جب کہ متحدہ عرب امارات سے بھی بڑی توقعات ہیں۔
انہوں نےکہا کہ آئی ایم ایف سے اگلی قسط ملنے والی ہے، پریشانی کی ضرورت نہیں، دوست ممالک سے فنانسنگ کے حصول میں پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے دوست ممالک سے فنانسنگ کی تصدیق کررہا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی سبسڈی مکمل طور پر ڈیزائن نہیں ہوئی، اس پر کام ہورہا ہے، اس پر مکمل شفاف نظام کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر زور دے ریا ہے، پیٹرول پر سبسڈی ڈیزائن کرکے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔