اندرون ملک پروازوں کی تعداد بڑھا کر 45 فیصد کر دی گئی
شائع شدہ تاریخ 30 مئی, 2020
حکومت پاکستان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم جون سے اندرون ملک پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اندرون ملک پروازوں کی تعداد 20 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد تک کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں اضافہ بزنس اور عوام کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اندرون ملک پروازوں کی اجازت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے لیے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملک بھر میں بین الاقوامی و علاقائی فضائی آپریشن معطل تھا تاہم حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد محدود پیمانے پر فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے۔