افغانستان سے امریکا کی واپسی کے بعد امن کا قیام صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں
شائع شدہ تاریخ 19 جون, 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد خطے میں قیام امن کی تمام تر ذمہ داری کا بوجھ اکیلے پاکستان کے کندھوں پر نہیں ڈالا جاسکتا۔ ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پیچدہ ہے اور اس وقت افغانستان کے اندر طاقت کے حصول کے لیے رسا کشی جاری ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد خطے میں قیام امن کی تمام تر ذمہ داری کا بوجھ اکیلے پاکستان پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے لیے دیگر عالمی طاقتوں کا کردار بھی شامل ہے، افغانستان اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان ایک شراکت دار ہے اور تمام شراکت داروں کو باہمی تعاون سے ملکر یہ ذمہ داری نبھانا ہو گی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جیسے ایشو جنوبی ایشیا میں معاشی ترقی اور استحکام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، بین الاقوامی برادری کو اس طرف بھی فوری توجہ دینی چاہیے۔