اسحاق ڈار کا عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ، ایران کی صورتحال پر تبادلہ خیال
شائع شدہ تاریخ 13 جنوری, 2026
وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو فون کرکے ایران کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک ایران وزرائے خارجہ نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ایران سفارتی روابط جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ربطے کے ذرائع بحال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے درمیان رابطے کُھلے ہیں، ضرورت پڑنے پر عراقچی اور وٹکوف کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے، روایتی ثالث سوئٹزرلینڈ کے ذریعے بھی رابطے کُھلے رہتے ہیں۔
ان کے مطابق امریکا نے کچھ معاملات کا ذکر کیا، کچھ عمومی خیالات سامنے آئے، مجموعی طور پر ایران کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا، اب امریکا کی طرف سے متضاد بیانات سنجیدگی کے فقدان کو ظاہر کرتے ہیں۔