اتحادی حکومت میں دراڑوں کا خدشہ، ن لیگ اور پی پی پی کے اجلاس آج ہونگے

شائع شدہ تاریخ 18 جولائی, 2022
اتحادی-حکومت-میں-دراڑوں-کا-خدشہ،-ن-لیگ-اور-پی-پی-پی-کے-اجلاس-آج-ہونگے

اسلام آباد: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں حکمراں سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شکست کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اجلاس آج بالترتیب لاہور اور کراچی میں طلب کرلیے گئے، حکومت کی اتحادی سیاسی جماعتوں کے مابین دراڑیں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کے ضمنی انتخابات کے بعد ملک کی سیاسی صورتحال میں بڑی تبدیلی آگئی۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے لاہور جبکہ پیپلز پارٹی قیادت نے کراچی میں اجلاس طلب کیا ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمتِ عملی زیرِ غور آئے گی۔ لاہور میں طلب کیے گئے پاکستان مسلم لیگ (ن) اجلاس میں ن لیگی کارکنان اور قائدین کی ضمنی انتخابات کے دوران اختیار کی گئی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کے سیاسی لائحۂ عمل پر گفت و شنید ہوگی۔ پارٹی قیادت لاہور میں سر جوڑ کر بیٹھنے کو تیار ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس کراچی میں طلب کر لیاجس کے دوران وفاق میں پارٹی کی پوزیشن اور آئندہ کی حکمتِ عملی زیرِ غور آئے گی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج پر پی پی پی قیادت میں بھی واضح تشویش پائی جاتی ہے۔