ائرٹریفک کنٹرولرکی مبینہ غفلت ، غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
شائع شدہ تاریخ 02 نومبر, 2021
لاہور : ائرٹریفک کنٹرولرکی مبینہ غفلت ولاپرواہی کے باعث بحرین سے اسلام آباد آنیوالا غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کی مبینہ غفلت سے بحرین سے اسلام آباد آنے والی غیر ملکی پرواز حادثے کا شکار ہونے لگی تھی کہ پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے پرواز کو بچا لیا۔ ذرائع کے مطابق ائرٹریفک کنٹرولر کے گائیڈ کرنے پر طیارہ8 ہزار فٹ بلندی کے بجائے 5ہزار فٹ بلندی پر پہنچ گیا،طیارہ جیسے ہی 5ہزار فٹ بلندی پر پہنچا گراونڈپراکسیمیٹی وارننگ سسٹ (جی پی ڈبلیوایس) جاری ہوگئی۔ کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارہ کو واپس اوپر لے لیا ، جی پی وارننگ سسٹم نے پہاڑی علاقے کی نشاندہی کی تھی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈی جی سول ایسوسی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون ائرٹریفک کنٹرولر کو معطل کردیا جبکہ تحقیقات کا حکم بھی جاری کردیا گیاہے ۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے پائلٹ نے طیارے کو نیچے لانے کیلئے اجازت مانگی تھی تاہم کنٹرولر نے اس کو نیچے آنے سے منع کردیا تھا،ترجمان سی اے اے کاکہنا ہے کہ کپتان نے دوبارہ رابطہ کرکے کہا کہ موسم بہت خراب ہے، ڈیسنٹ کی اجازت دی جائے، کنٹرولر نے کپتان کے اصرار پرطیارے کو نیچے آنے کو کہا ، ترجمان سی اے اے کے مطابق ائرانویسٹیگیشن بورڈ واقعہ کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ کنٹرولر کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔