آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کی 45نشستوں کیلئے انتخابات کل ہونگے
شائع شدہ تاریخ 24 جولائی, 2021
میر پور : آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے انتخابات کل ہورہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کامعرکہ کون جیتے گا اس کا فیصلہ کل بروزاتوار 25 جولائی کو ہوگا ، انتخابی مہم کا وقت کل رات بارہ بجے ختم ہوگیا جبکہ آج سے پولنگ بیگز کی تقسیم شروع کی جائے گی۔ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں 32 لاکھ 20 ہزار 793 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ پاکستان میں بسنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری بھی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔ پولنگ کے لیے 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دینگے۔ اس کے علاوہ چھ سے سات ہزار پاک فوج کےجوان بھی امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے تعینات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے لئے 45 حلقوں میں مردوں کے 1398 خواتین کے 1353 اور مشترک 1992 سمیت کل 6139 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے پریزائڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر انتخابات میں لاہور کی دو نشستوں پر پولنگ اسٹیشنز پر سامان کی ترسیل آج ہوگی ، پولنگ اسٹیشنز پر سامان سکیورٹی اور آر آوز کی نگرانی میں پہنچایاجائے گا ۔لاہور میں 25 پولنگ اسٹیشنز قائم کردیے گئے ہیں،آزاد کشمیر کے انتخابات میں لاہور سے 9 ہزار ایک سو 94 ووٹرز رائے حق دہی استعمال کریں گے۔