آئی ایم ایف معاہدہ : اسحاق ڈار کا ایٹمی پروگرام پر وضاحتی بیان
شائع شدہ تاریخ 21 مارچ, 2023
ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر پر میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ایٹمی پروگرام سے متعلق میرا بیان مخصوص سوال کے جواب میں تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہمیں ایٹمی پروگرام تیار کرنے کا خودمختار حق حاصل ہے، ایٹمی پروگرام ہمارے قومی مفادات کے عین مطابق ہے۔
وزیرخزانہ نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت کی گنجائش نہیں ہے اور میرے بیان کا آئی ایم ایف ڈیل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف یا کسی دوسرے ملک نے ایٹمی پروگرام پر شرط عائد نہیں کی، آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ہے، ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف دوست ملکوں کی جانب سے پاکستان کی سپورٹ کے لیے کیے گئے وعدوں کو مکمل کرنے کا کہہ رہا ہے، معاہدے میں تاخیر کی یہی وجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، نیوکلیئر یا میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، کسی کو حق نہیں کہ پاکستان کو بتائے کہ وہ کس رینج کے میزائل یا ایٹمی ہتھیار رکھے۔