ہزاروں قیمتی نگینوں سے جڑا شاہی تاج، ملکہ کی آخری رسومات میں سب کی توجہ کا مرکز
شائع شدہ تاریخ 20 ستمبر, 2022
ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران ان کے تابوت پر رکھا شاہی تاج سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا، شاہی تاج میں تقریباً تین ہزار قیمتی پتھر جڑے ہیں۔ امپیریل سٹیٹ کراؤن میں 2 ہزار 8 سو سے زائد ہیرے، 273 موتی، 17 نیلم، 11 زمرد اور 5 یاقوت شامل ہیں۔ تاج میں 317 قیراط وزنی — کلینن ٹو– نامی ہیرا بھی شامل ہے جسے افریقہ کا دوسرا ستارہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ اب تک ملنے والے ہیروں میں سب سے بڑے ہیرے سے کاٹا گیا تھا۔ تاج انیس سو سینتیس میں ملکہ الزبتھ کے والد شاہ جارج ششم کی تاجپوشی کے لیے بنایا گیا تھا۔ امپیریل سٹیٹ کراؤن کا وزن دو اعشاریہ تین پونڈ ہے۔ ملکہ الزبتھ دوم ہر سال پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر یہ تاج پہن کر تقریر کرتی تھیں۔ واضح رہے برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں 8 ستمبر کو بیلمورل میں وفات پا گئی تھیں۔