"غزہ سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جائے گا" — ڈونلڈ ٹرمپ
شائع شدہ تاریخ 10 اکتوبر, 2025
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا غزہ سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جائے گا، غزہ امن منصوبہ سب کی حمایت سے طے پایاہے۔
فن لینڈ کے صدر کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یرغمالی پیر یا منگل کو واپس آجائیں گے اور غالباً میں وہاں موجود رہوں گا۔ ہم اتوار کو روانہ ہونے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور میں اس کا منتظر ہوں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بعد دیکھیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔
ٹرمپ سے صحافی نے سوال کیاکہ اسرائیل آئندہ ایک سال کے اندر سعودی عرب سے تعلقات معمول پر لائے میں کامیاب ہوجائےگا؟ جس کا امریکی صدر نے جواب دینے سے گریز کیا۔
نوبل امن انعام جیتنے کے امکان سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے دنیا بھر میں تنازعات کے حل کے لیے 8 معاہدے کرائے، جن میں غزہ میں ہونے والا جنگ بندی معاہدہ سب سے بڑا ہے۔