سنگاپور میں دانستہ کسی اور فرد کے قریب کھڑے ہونے پر 6 ماہ تک قید کی سزا
شائع شدہ تاریخ 28 مارچ, 2020
سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نئے اور سخت قوانین کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت سنگاپور کے شہری اگر جان بوجھ کر کسی اور کے قریب کھڑے ہوئے تو انہیں 6 ماہ تک کی قید ہوسکتی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شہری ریاست نے وائرس کو قابو کرنے کے لیے نئے اقدامات کا سلسلہ متعارف کروایا ہے جس میں شراب خانے اور سینما بند کرنا اور بڑے اجتماعات پر پابندی شامل ہے۔ اس میں سے ایک اقدام کا مقصد ’سماجی فاصلہ‘ یقینی بنانا ہے جبکہ ایک میٹر سے کم فاصلے پر کھڑے ہونے پر پابندی ہے۔ قواعد کے مطابق عوام کو عوامی مقامات پر قطار میں دانستہ طور پر کسی فرد کے بہت قریب کھڑے ہونے یا بیٹھنے اور دوسرے شخص سے ایک میٹر سے کم فاصلے پر موجود نشست پر بیٹھنے سے منع کیا گیا ہے۔