روس میں ہیلی کاپٹر حادثہ — تباہی سے پہلے دو حصوں میں ٹوٹ گیا، 5 افراد جان سے گئے
شائع شدہ تاریخ 10 نومبر, 2025
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے پہاڑی ریجن داغستان میں ملٹری پلانٹ پر کام کرنے والے ملازمین کا ہیلی کاپٹر پہلے ایک چٹان سے ٹکرانے کے بعد دو ٹکڑے ہوا۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے دو ٹکڑوں میں بٹے ہیلی کاپٹر کو پانی میں لینڈ کرنے کی کوشش کی لیکن پھر اڑان بھری تاکہ ہیلی کاپٹر کو کسی ہموار زمینی سطح پر لینڈ کرایا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پائلٹ نے کچھ دیر تک ہیلی کاپٹر کو ہوا میں رکھا لیکن پھر ہیلی کاپٹر بے قابو ہوکر گھومتا ہوا زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ملٹری پلانٹ پر کام کرنے والے ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر، چیف انجینئر اور چیف ڈیزائنر سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔