بھارت میں سیلفی کے بہانے کبڈی کے کھلاڑی کو قتل کردیا گیا، وجہ سامنے آ گئی
شائع شدہ تاریخ 17 دسمبر, 2025
ھارتی میڈیا کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے سیلفی کے بہانے فائرنگ کر کے ایک کبڈی کے کھلاڑی کو قتل کر دیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت رانا بالاچوریا کے نام سے ہوئی ہے، گزشتہ روز موٹر سائیکل پر سوار دو سے تین افراد کبڈی گراؤنڈ میں آئے اور کھلاڑیوں کے قریب جا کر تصویر بنانے کا بہانہ کیا، اسی دوران انہوں نے اچانک رانا بالاچوریا پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
حملے میں رانا بالاچوریا کے چہرے اور جسم کے اوپری حصے پر چار سے پانچ گولیاں لگیں، شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آور تصویر کھینچنے کے بہانے کھلاڑیوں کے قریب آئے اور اچانک فائرنگ شروع کر دی، ہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں، اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور واقعے کو گینگ وار کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
دریں اثنا بدنام زمانہ بمبیہا گینگ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اس قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ رانا بالاچوریا نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتلوں کو پناہ دی تھی اس لیے انہیں قتل کیا گیا۔