بالی وڈ لیجنڈ دھرمیندر کی موت کے بعد انسٹاگرام پر ان کا آخری ویڈیو پیغام وائرل
شائع شدہ تاریخ 25 نومبر, 2025
دھرمیندر 89 برس کی عمر میں پیر کو ممبئی میں انتقال کرگئے جس کے بعد ان کے چاہنے والوں نے سوشل میڈیا پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔
انسٹاگرام پر 2 اکتوبر کو دھرمیندر کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا تھا جو اب ایک بار پھر وائرل ہے، یہ پیغام ہندو تہوار دسہرہ کے موقع پر شیئر کیا گیا تھا۔
اپنے پیغام میں دھرمیندر کہہ رہے ہیں کہ 'تمام بھائی بہنوں، بچے بچیوں کو دسہرہ کی مبارک ہو، خدا آپ سب کو لمبی صحت دے، خوشیاں دے اور اب آپ نیک بن کے رہیں تب تو ترقی ہی ترقی ہے'۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل دھرمیندر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں بھی کئی روز تک داخل رہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ دھرمیندرا کو دو ہفتے قبل سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جب کہ رواں سال اپریل میں ان کی آنکھ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔