امریکا میں موجود 2 ہزار افغان شہریوں کے دہشت گرد تنظیموں سے روابط کا انکشاف
شائع شدہ تاریخ 13 دسمبر, 2025
نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بائیڈن انتظامیہ کے دور میں امریکا آنے والے افغان شہریوں کی جانچ کے سست عمل پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ آپریشن الائیز ویلکم کے تحت 18 ہزار افغان شہریوں امریکا میں داخل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کے تحت امریکا میں آنے والے افغان شہریوں کی صحیح جانچ نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن الائیز ویلکم کے تحت آنے والے ہر ایک افغان شہری کا قریب سے جائزہ لیا جارہا ہے اور اس حوالے سے تمام ادارے متحرک ہیں۔
تلسی گبارڈ نے انکشاف کیاکہ امریکا آنے والے 18 ہزار میں سے 2 ہزار افغان شہریوں کے دہشت گرد تنظیموں سے براہ راست یا ممکنہ روابط ہیں۔
انہوں نےکہا کہ داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں مسلسل امریکی سرزمین پر حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں اور یہ تنظیمیں امریکا میں ان لوگوں کی تلاش میں ہے جو یہ کام کر سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم اس خطرے کو لے کر کافی سنجیدہ ہے۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے غیر قانونی طور پر امریکا آنے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔