استنبول مذاکرات میں پاکستان کا واضح مؤقف — افغان طالبان کو حتمی پیغام پہنچا دیا گیا
شائع شدہ تاریخ 27 اکتوبر, 2025
سکیورٹی ذرائع کے مطابق استنبول میں ہونے والی بات چیت میں پاکستانی وفد نے افغان طالبان کے وفد کو حتمی مؤقف پیش کرتے ہوئے واضح کردیا ہے افغان طالبان کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردوں کی سر پرستی نامنظور ہے۔
پاکستانی وفد نے یہ بھی واضح کیا کہ سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور یقینی اقدامات کرنا پڑے تو ضرور کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی مؤقف کے برعکس افغان طالبان کے دلائل غیرمنطقی اور زمینی حقائق سے ہٹ کر ہیں، واضح نظر آرہا ہے کہ طالبان کسی اور ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ افغان طالبان کا یہ ایجنڈا خود ان کے ملک افغانستان، پاکستان اور خطے کے استحکام کے ہرگز مفاد میں نہیں ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں مزید پیشرفت افغان طالبان کے مثبت رویے پر منحصر ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے مطالبات مکمل واضح، شواہد پر مبنی اور مسئلے کا حقیقی حل ہیں، افغان طالبان کی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون دیگر فریقین پر بھی واضح ہوگئی۔
گزشتہ روز استنبول میں پاکستان اور افغانستان میں برسر اقتدار طالبان رجیم کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں پاکستان نے طالبان کو دہشت گردی کی روک تھام کے لیے جامع پلان دیا تھا۔