چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والوں کے لیے نیا اعلان
شائع شدہ تاریخ 20 ستمبر, 2025
معروف آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے گزشتہ روز چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کے لیے نئی پالیسیوں کا اعلان کیا ہے، جن میں کم عمر یعنی 18 سال سے کم عمر افراد کے ساتھ چیٹ بوٹ کے استعمال میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اوپن اے آئی کے سی ای او نے اعلان کیا ہے کہ اب ایسے نئے ضوابط نافذ کیے جائیں گے جو 18 سال سے کم عمر صارفین کیلئے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کو محفوظ بنائیں گے۔

سیم آلٹمین کے مطابق ہماری ترجیحات میں پرائیویسی اور آزادی کے مقابلے میں حفاظت زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔ یہ ایک نئی اور طاقتور ٹیکنالوجی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ کم عمر بچوں کو سب سے زیادہ تحفظ درکار ہے۔
نئی پالیسی کے تحت چیٹ جی پی ٹی کو بچوں سے بات کرتے ہوئے جنسی نوعیت کی گفتگو اور خودکشی سے متعلق بات چیت میں بہت زیادہ احتیاط برتنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔
اب 18 سال سے کم عمر صارفین کے ساتھ یہ "فلرٹی” گفتگو نہیں کرے گا اور خودکشی کے موضوعات پر گفتگو میں بھی مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اوپن اے آئی کا مزید کہنا ہے کہ والدین کو اب یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ اپنے بچوں کے لیے "بلیک آؤٹ آورز” مقرر کرسکیں گے، یعنی ایسا وقت جس میں بچوں کو چیٹ جی پی ٹی دستیاب نہیں ہوگا، یاد رہے کہ یہ فیچر پہلے موجود نہیں تھا۔