چین نے فضاء میں شکلیں بنانے والی طاقتور لیزر بنالی
شائع شدہ تاریخ 02 جنوری, 2023
چین میں سائنسدانوں نے انتہائی طاقتور لیزر متعارف کروائی ہے جو ہوا کو جلا کر مختلف اشکال بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چینی شہر ووہان میں کام کرنیوالی سائنسدانوں کی ٹیم نے ہوا میں کامیابی سے چینی حروف بناکر لیزر مشین کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، ان اشکال کو کسی بھی زاویے سے دیکھا اور ہاتھ چھوا جاسکتا ہے۔ محققین کو امید ہے کہ یہ ٹیکنالوجی دماغ کی تصاویر بنانے سے لے کر کوانٹم کمپیوٹنگ تک مختلف شعبوں میں استعمال کی جاسکتی ہے۔ چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق ممتاز سائنسدان نے بتایا کہ جدید ترین آلے کی مدد سے ہم کاغذ اور روشنائی کا استعمال کئے بغیر ہوا میں تصاویر بناسکتے ہیں، یہ کامیابی ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی ہماری تحقیق کا نچوڑ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان شعاعوں کو ہوا میں چھوڑنے کیلئے 10 لاکھ میگاواٹ بجلی کی ضرورت پڑتی ہے، ہوا کو روشنی میں تبدیل کرنے کیلئے توانائی کی کثافت کو فی مربع سینٹی میٹر لگ بھگ ایک کھرب واٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیزر کی نقاب کشائی چینی صدر شی جن پنگ کے ووہان میں لیزر کمپنیوں کا دورہ کرنے کے چند ہفتوں بعد ہوئی۔ صدر شی نے اپنے دورے میں سائنسی اور تکنیکی خود انحصاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس طرح کی ٹیکنالوجیز کی تیاری کو ’بڑی فوری ضرورت‘ قرار دیا۔