مہنگائی کے طوفان کا انتقام عوام ووٹ سے لیں گے اور عمران خان کی حمایت کریں گے،شیخ رشید
شائع شدہ تاریخ 03 مارچ, 2023
سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آنیوالے الیکشن میں لوگ حکمرانوں سے مہنگائی کا انتقام لیں گے اور عمران خان کو ووٹ ڈالیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا کیا کارکردگی دکھائی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ فیصلے کی حکم عدولی کرے گا وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا، الیکشن ہو کر رہیں گے ، کوئی طاقت ان الیکشن کو نہیں روک سکتی۔غریب مہنگائی سے مر رہا ہے ،غریب ذبح خانے میں ہے اور حکمران اقتداراور مستی کے میخانے میں ہیں
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں، مہنگائی کے طوفان کا انتقام عوام ووٹ سے لیں گے اور عمران خان کی حمایت کریں گے۔