ملک میں ایک ساتھ الیکشن کیلئے پولیٹیکل ڈائیلاگ کی سخت ضرورت ہے
شائع شدہ تاریخ 17 مارچ, 2023
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو میں پنجاب کے الیکشن کے حوالے سے بڑا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک وارنٹ کی تکمیل پر پنجاب میں یہ کچھ ہو رہا ہے تو جلسے جلوسوں میں کیا ہوگا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو سپریم کورٹ بھی اس کا خیال کرے گی، ایک ساتھ انتخابات ہی دراصل آئین کے آرٹیکل 224 کی اصل رو ہے، اگر مذاکرات ہوتے ہیں تو قومی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ بھی پیچھے آ سکتی ہے۔
وزیر قانون نے سیاسی رہنماؤں اور جماعتوں کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں تو شفاف منصفانہ ایک ساتھ انتخابات کیلیے مذاکرات کریں، زمان پارک میں پولیس کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، عمران خان کو اس سب کا حساب دینا ہوگا۔